کراچی: شہر کے علاقے ناظم آباد میں ایک گھر سے ریٹائرڈ اسپتال ملازم کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کو ابتدائی طور پر قتل قرار دیتے ہوئے مقتول کی اہلیہ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی لاش اس کے گھر سے ملی، جہاں وہ اپنی دوسری بیوی کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقتول کو گلا دبا کر یا پھندا لگا کر قتل کیا گیا، تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد سامنے آئے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقتول ماضی میں عباسی شہید اسپتال کے ایکسرے ڈیپارٹمنٹ میں ملازم رہ چکا تھا اور ریٹائرمنٹ کے بعد ناظم آباد میں رہائش اختیار کیے ہوئے تھا۔
پولیس نے شبہ کی بنیاد پر مقتول کی اہلیہ کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے، جہاں ان سے مختلف پہلوؤں پر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق خاتون نے ابتدائی بیان میں قتل سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے، تاہم پولیس تمام شواہد، فرانزک رپورٹس اور دیگر ممکنہ پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی قتل کے محرکات اور ذمہ دار افراد کے بارے میں حتمی مؤقف اختیار کیا جائے گا۔
ناظم آباد میں گھر سے لاش برآمد، اہلیہ زیرِ حراست
