لاہور: روزنامہ جنگ کے نیوز ایڈیٹر ندیم اقبال کے 16 سالہ بیٹے کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ افسوسناک واقعہ لاہور پریس کلب ہاؤسنگ سوسائٹی کے باہر پیش آیا، جس کے بعد صحافی برادری میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری بھی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں انہوں نے پولیس حکام اور متعلقہ عملے سے ملاقات کر کے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کرنے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔بعد ازاں مقتول کی میت قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے میو اسپتال منتقل کر دی گئی۔
واقعے کے بعد سینئر صحافیوں اور صحافی تنظیموں کے نمائندوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ اور اسپتال پہنچ گئی۔ صحافی برادری نے اس اندوہناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور واقعے کے محرکات سامنے لائے جائیں۔
