اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حج 2026 کے انتظامات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے سرکاری و نجی شعبے کے منتظمین سے ملاقات کی اور سعودی حکومت کی جانب سے ملنے والے لبیتم ایکسی لینس ایوارڈز پر انہیں مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستانی نجی شعبے کے تین حج آرگنائزرز نے شاندار خدمات کے باعث سعودی عرب کا معتبر لبیتم ایکسی لینس ایوارڈ حاصل کیا۔ محمد عفان ذیشان کے المعراج آرگنائزر نے پہلی، محمد شاہد رفیق کے ابراہیم آرگنائزر نے دوسری جبکہ زعیم اختر کے الفتح آرگنائزر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بریفنگ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سمرو کو بھی حج 2026 کے دوران غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں لبیتم ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام منتظمین اور ڈی جی حج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے دیا گیا یہ اعزاز پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی حج 2026 کے دوران پاکستانی عازمین کو فراہم کی جانے والی معیاری سہولیات اور بہترین انتظامات کا اعتراف ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں حج انتظامات کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا، جو پوری قوم کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خدمت، محنت اور دیانت داری ہی وہ اوصاف ہیں جو قوموں کو عظیم بناتے ہیں۔
شہباز شریف نے منتظمین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کی خدمت کے ذریعے انہوں نے نہ صرف اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کی بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام بھی روشن کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ برس حج انتظامات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور پاکستان مزید بین الاقوامی اعزازات حاصل کرے گا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، سیکریٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ڈی جی حج عبدالوہاب سمرو اور ایوارڈ یافتہ نجی حج منتظمین بھی شریک تھے۔
حج 2026، وزیراعظم شہباز شریف کا ایوارڈ یافتہ پاکستانی منتظمین کو خراج تحسین
