Baaghi TV


اسٹیٹ بینک کی اے ٹی ایم فراڈ روکنے کیلئے نئی ہدایات جاری

atm

‎اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اے ٹی ایم فراڈ کی بڑھتی شکایات کے پیش نظر تمام کمرشل بینکوں کو نئی سیکیورٹی ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ صارفین کے اکاؤنٹس اور مالی لین دین کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔
‎اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام بینکوں کو اے ٹی ایم بوتھز میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو چوبیس گھنٹے فعال رکھنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
‎بینکوں کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ اگر کسی صارف کے اکاؤنٹ یا اے ٹی ایم ٹرانزیکشن میں مشکوک سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر صارف کو الرٹ کیا جائے تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
‎ایس بی پی نے تمام کمرشل بینکوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق چِپ اینڈ پن کارڈز جاری کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ غیر مجاز لین دین اور کارڈ کلوننگ جیسے فراڈ سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
‎اسٹیٹ بینک نے زور دیا ہے کہ بینک اپنے اے ٹی ایم سسٹمز اور بینکنگ سافٹ ویئر کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کریں اور محفوظ و خفیہ نیٹ ورکنگ نظام کو یقینی بنائیں۔
‎ہدایت نامے کے مطابق مالیاتی اداروں کو جدید ٹیکنالوجی اپنانے کی بھی تاکید کی گئی ہے تاکہ اے ٹی ایم فراڈ کا بروقت پتہ لگایا جا سکے اور اسے روکا جا سکے۔
‎اس کے علاوہ اے ٹی ایم مشینوں میں اضافی حفاظتی آلات نصب کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے تاکہ صارفین کے مالیاتی ڈیٹا کو محفوظ رکھا جا سکے۔
‎اسٹیٹ بینک نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ کسی اے ٹی ایم فراڈ کا شکار ہوں تو فوری طور پر اپنے متعلقہ بینک کی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔
‎ایس بی پی کے مطابق اگر بینک شکایت کا بروقت حل نہ کرے تو صارفین اسٹیٹ بینک کے آن لائن شکایت پورٹل کے ذریعے بھی اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ آن لائن بینکنگ اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے بڑھتے استعمال کے ساتھ سائبر اور مالیاتی فراڈ کے خطرات بھی بڑھ رہے ہیں، اس لیے صارفین کو اپنے پن کوڈ اور بینک معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہیں کرنی چاہئیں۔

More posts