پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 32 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر کے مختلف علاقوں میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 24 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیے گئے، جنہیں تحویل میں لے لیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے ایک الگ کارروائی کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی بھی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ دونوں علاقوں میں دہشت گردوں کے ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر عناصر کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں تاکہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، جبکہ دہشت گردی کی ہر شکل اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز اقدامات کیے جائیں گے۔
خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 32 دہشت گرد ہلاک
