اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے گرینڈ ڈائیلاگ کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی مشاورت، اعتماد اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے صوبے کو درپیش مسائل کا مؤثر حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔
بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان اپنی تاریخی دلیری، مہمان نوازی، رواداری اور شاندار روایات کے حوالے سے منفرد مقام رکھتا ہے۔ یہ پاکستان کا وہ اہم خطہ ہے جہاں بلوچ اور پختون آباد ہیں اور دونوں اقوام کی اپنی تاریخی اہمیت اور ثقافتی روایات ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت بلوچستان کے مختلف حصوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا، جبکہ ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے ضروری ہے کہ تمام قومی اکائیاں متحد ہوکر آگے بڑھیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب چاروں صوبے باہمی تعاون کے ساتھ مل کر کام کریں گے تو ہی پاکستان حقیقی معنوں میں ترقی کرسکے گا۔ قومی ترقی کیلئے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون، اعتماد اور بہتر رابطہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے بلوچستان کے وسیع قدرتی وسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ معدنیات سمیت دیگر قیمتی وسائل سے مالا مال ہے، جنہیں مؤثر منصوبہ بندی کے تحت استعمال کرکے بلوچستان کے عوام کیلئے ترقی، روزگار اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے تمام فریقین کو ایک دوسرے کے مؤقف کو سمجھنا ہوگا اور باہمی مشاورت کے ذریعے آگے بڑھنا ہوگا۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منصفانہ وسائل کی تقسیم، باہمی اعتماد اور تمام قومی اکائیوں کے تعاون سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر مزید آگے لے جایا جاسکتا ہے۔
