Baaghi TV

شہباز شریف کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، حوثی حملوں کی مذمت

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں، بالخصوص شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور برادر سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ حوثیوں کی حالیہ کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور عالمی معیشت کے ساتھ ساتھ توانائی کی فراہمی میں مزید خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کیا اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات اور دلی احترام کا اظہار کیا۔

دوسری جانب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

More posts