ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران کی اجازت سے 33 بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے ہیں۔
پاسداران انقلاب کے مطابق گزرنے والے جہازوں میں آئل ٹینکرز، تجارتی اور کنٹینر بردار بحری جہاز شامل تھے، جنہیں ایرانی بحریہ کی نگرانی اور اجازت کے بعد راستہ فراہم کیا گیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز پر پاسداران انقلاب کی بحریہ کا مکمل کنٹرول برقرار ہے اور تمام بحری نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران خطے کی سیکیورٹی اور بحری راستوں کی نگرانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جبکہ کسی بھی غیر معمولی سرگرمی پر فوری ردعمل دیا جا سکتا ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ سمجھی جاتی ہے جہاں سے دنیا کی بڑی مقدار میں تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔ حالیہ کشیدگی کے باعث اس علاقے کی صورتحال پر عالمی منڈیاں اور بڑی طاقتیں مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کی جانب سے بحری جہازوں کی نقل و حرکت سے متعلق مسلسل بیانات خطے میں جاری سفارتی اور عسکری تناؤ کی حساسیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
ایران کی اجازت سے 33 جہاز آبنائے ہرمز سے گزر گئے
