بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع مین پوری میں بالی ووڈ اداکار شریاس تلپاڈے کے خلاف مبینہ سرمایہ کاری فراڈ کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر بھگاؤں تھانے میں درج کی گئی، جس میں شریاس تلپاڈے سمیت 12 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مدعی نے الزام عائد کیا کہ ایک مبینہ سرمایہ کاری اسکیم کے نام پر اس سے لاکھوں روپے وصول کیے گئے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ دیہاتیوں کو منافع کا لالچ دے کر رقوم جمع کروائی گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
عدالتی حکم پر پولیس نے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے۔ تاہم شریاس تلپاڈے کی جانب سے اب تک ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ شریاس تلپاڈے ہندی اور مراٹھی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر ہیں۔ انہوں نے 2005 میں فلم ’اقبال‘ سے مرکزی کردار کے طور پر شہرت حاصل کی۔ ان کی نمایاں فلموں میں ’دور‘، ’گول مال‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ شامل ہیں۔
شریاس تلپاڈے آئندہ فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ میں دکھائی دیں گے، جو ’ویلکم‘ سیریز کا تیسرا حصہ ہے اور توقع ہے کہ 26 جون 2026 کو ریلیز ہوگی۔
بالی ووڈ اداکار شریاس تلپاڈے کے خلاف سرمایہ کاری فراڈ کا مقدمہ درج
