گلگت: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاست کو جھگڑے اور دشمنی کا دوسرا نام بنا دیا گیا ہے، جبکہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت اور مسائل کا حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق، حقِ ملکیت اور بہتر روزگار کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیر اعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام آج بھی سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو محبت اور احترام سے یاد کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے اس خطے کو ڈوگرہ راج سے آزادی دلائی۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ انہیں مکمل آئینی حقوق دیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وہ وہ دن دیکھنا چاہتے ہیں جب گلگت بلتستان کے منتخب نمائندے قومی اسمبلی میں ان کے ساتھ بیٹھ کر ملک کی قانون سازی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے حقِ ملکیت کا جو وعدہ کیا تھا، اسے ہر صورت پورا کیا جائے گا، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت زرعی منصوبوں اور فارمنگ کو فروغ دے کر مقامی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ تسلیم کیا، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے گلگت بلتستان کے نمائندوں نے بھی حکومت سازی میں تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت اور اپوزیشن کی نشستیں الگ ہیں، لیکن گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں گی اور کسی بھی جماعت کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ایسا معاشی ماحول پیدا کیا جائے جس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ملک کا سب سے زیادہ باصلاحیت اور میرٹ پر یقین رکھنے والا نوجوان موجود ہے، جس کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ سردیوں کی آمد سے قبل گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے تاکہ نچلی سطح پر عوامی نمائندگی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی حکومت صرف جیتنے والوں کی نہیں بلکہ ہارنے والوں کی بھی حکومت ہوگی، اور تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی جائے گی۔
اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے ملکی سلامتی پر بھی بات کی اور کہا کہ گلگت بلتستان کی سرحدوں پر وطن کا دفاع کرنے والے بہادر سپاہیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عسکری سطح پر بھارت کو شکست دی، جسے بھارت آج تک ہضم نہیں کر سکا۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، دریائے سندھ کے پانی پر سودا نہیں ہوگا اور اگر ضرورت پڑی تو ہر سطح پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا سیاسی منشور حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور روزگار پر مبنی ہے، اور یہی منشور آئندہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھی عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر کی نئی نسل اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا چاہتی ہے، تاہم بعض عناصر انہیں غلط سمت میں لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کا مقابلہ سیاسی شعور اور عوامی خدمت سے کیا جائے گا۔
