پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے واضح پیغام دے دیا ہے کہ 7 جون کے انتخابات میں صرف "تیر” کا نشان کامیاب ہوگا۔ انہوں نے کارکنوں اور عوام کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ حمایت پیپلز پارٹی پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کے دوران وعدہ کیا کہ اگر پیپلز پارٹی انتخابات میں کامیاب ہوئی تو گلگت بلتستان میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے شروع کیے گئے سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ایفیکٹیز پروگرام کی طرز پر گلگت بلتستان میں بھی جدید رہائشی منصوبہ متعارف کرایا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت کا مقصد صرف انتخابات جیتنا یا اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنا اور ان کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندے عوام کے مسائل، مطالبات اور شکایات براہِ راست قیادت تک پہنچائیں گے تاکہ دیرینہ مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ترقی، روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کے بہتر مواقع کے مستحق ہیں۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی ہمیشہ محروم طبقات اور دور دراز علاقوں کے عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی یہ جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فلاح، سماجی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنا پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی طاقت سے ہی خطے میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع کیا جا سکتا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق گلگت بلتستان میں انتخابی سرگرمیوں کے عروج کے دوران مختلف سیاسی جماعتیں عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے بھرپور مہم چلا رہی ہیں، جبکہ آنے والے انتخابات خطے کی سیاسی سمت کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔
سکردو نے پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ سنا دیا، بلاول بھٹو
