Baaghi TV

آبنائے ہرمز میں کشیدگی، جنوبی کوریا کا ایران سے اہم رابطہ

‎جنوبی کوریا نے مشرقِ وسطیٰ کی بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ایران کے ساتھ سفارتی رابطے تیز کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں جنوبی کوریا کے خصوصی ایلچی نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
‎غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس ملاقات میں خاص طور پر آبنائے ہرمز کی صورتحال زیر بحث آئی، جہاں حالیہ کشیدگی کے باعث کئی ممالک کے بحری جہاز متاثر ہوئے ہیں۔ جنوبی کوریا کے ایلچی نے ایران سے درخواست کی کہ کورین بحری جہازوں کو اس اہم آبی گزرگاہ سے محفوظ گزرنے کے لیے خصوصی اجازت اور سہولت فراہم کی جائے۔
‎ذرائع کے مطابق جنوبی کوریا نے اس سہولت کے بدلے ایران کو اضافی تجارتی رعایتیں دینے کی پیشکش بھی کی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ مل سکتا ہے۔ اس پیش رفت کو خطے میں بدلتی سفارتی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
‎جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے بھی اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خصوصی ایلچی چونگ بائیونگ ہا ایران کے دورے پر ہیں تاکہ نہ صرف اپنے شہریوں بلکہ اپنے بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق ایران کے قریب پانیوں میں موجود 26 کوریائی جہاز اور ان پر سوار 173 افراد اس صورتحال سے متاثر ہیں۔
‎ملاقات کے دوران جنوبی کورین ایلچی نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے، جس سے خطے میں امن کی فضا بحال ہو سکتی ہے۔ انہوں نے تہران اور سیول کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
‎ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس موقع پر کہا کہ ایران تعاون کے لیے تیار ہے اور ملک میں موجود غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے اسے قومی مفادات کے تحفظ کا اقدام قرار دیا۔

More posts