اسپین میں بیلوں کی روایتی دوڑ کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، بیل کے سینگ لگنے سے 64 سالہ خاتون ہلاک ہوگئی۔
واقعہ اسپین کے گاؤں اینا میں منعقد ہونے والے روایتی بیلوں کی دوڑ کے تہوار کے دوران پیش آیا، جس میں مقامی افراد کے علاوہ سیاحوں نے بھی شرکت کی۔ اینا کے میئر کے مطابق خاتون لاس کیواس نامی علاقے میں راستے کے ایک مقام پر رکاوٹ کے قریب کھڑی تھی، تاہم جیسے ہی اس نے دوڑنا شروع کیا، ایک بیل نے اس پر حملہ کردیا اور سینگ مار کر شدید زخمی کردیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور طبی عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ خاتون کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
دوسری جانب اسی بیلوں کی دوڑ کے دوران ایک 60 سالہ شخص بھی بیل کے سینگ لگنے سے زخمی ہوا، جس کے بازو پر چوٹ آئی۔ حکام کے مطابق اسے بھی طبی امداد فراہم کی گئی۔
