Baaghi TV

طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری، ای بائیک پر ڈاؤن پیمنٹ ختم، ماہانہ قسط صرف 3 ہزار روپے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت طلبہ کے لیے الیکٹرک بائیک اسکیم سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جس کے تحت پنجاب کے طلبہ کو سوا لاکھ سے زائد ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے طلبہ سے ڈاؤن پیمنٹ وصول کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے ماہانہ قسط کے علاوہ دیگر واجبات عائد نہ کرنے کی ہدایت کی۔ حکومت پنجاب ای بائیکس پر سود اور انشورنس کی رقم بھی خود ادا کرے گی، جبکہ طلبہ کے لیے ماہانہ تقریباً 3 ہزار روپے قسط مقرر کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے اسی ہفتے ای بائیک اسکیم کا آن لائن پورٹل کھولنے کا حکم دیا ہے تاکہ اہل طلبہ درخواستیں جمع کرا سکیں۔ انہوں نے اسکیم کے دائرہ کار کو طلبہ تک محدود رکھنے کے بجائے سرکاری ملازمین، مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین اور ڈیلیوری بوائز تک بڑھانے کی بھی منظوری دے دی۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے اجلاس میں اسکیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق طلبہ کو ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت فراہم کیا جائے گا، جبکہ اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی بائیکس میں لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری نصب ہوگی۔

حکام کے مطابق ای بائیک حاصل کرنے کے خواہش مند طلبہ کو محفوظ ڈرائیونگ کے لیے دو روزہ تربیت بھی مفت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اسکیم کے تحت اہل قرار پانے والے طلبہ کو درخواست کی منظوری کے بعد زیادہ سے زیادہ 6 ہفتوں کے اندر ای بائیک فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی طرف راغب کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

More posts