الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی معروف امریکی کمپنی ٹیسلا نے آسٹن، ٹیکساس کے مخصوص علاقوں میں سٹیئرنگ اور پیڈل کے بغیر چلنے والی دو سیٹوں کی سائبر کیب کی سواریاں شروع کردی ہیں۔
ٹیسلا کی جانب سے سائبر کیب کو سڑکوں پر لانے کے فوراً بعد امریکی آٹو سیفٹی ریگولیٹر نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن (NHTSA) نے بھی اس اقدام کا جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے، کیونکہ امریکی قوانین کے تحت بغیر سٹیئرنگ والی گاڑیوں کے استعمال پر بعض پابندیاں عائد ہیں۔
ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک سائبر کیب کو عملی طور پر سڑکوں پر لانے کے لیے پرعزم ہیں، تاہم آسٹن میں سروس کی لانچنگ تقریب میں وہ خود شریک نہیں ہوئے۔
تقریب میں شریک سرمایہ کاروں اور سوشل میڈیا شخصیات نے سائبر کیب کے منفرد ڈیزائن، خصوصاً پروں کی طرح کھلنے والے سنہری دروازوں (Butterfly Doors) کو سراہا۔
ابتدائی طور پر ٹیسلا نے سائبر کیب کی سروس مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم کمپنی کے مطابق آنے والے دنوں میں صارفین سے ڈائنامک پرائسنگ کے تحت کرایہ وصول کیا جائے گا۔
ٹیسلا کا مقصد ڈرائیور لیس روبوٹیکسی سروس کو وسعت دے کر عالمی سطح پر خصوصاً چینی کمپنیوں کی جانب سے ملنے والے بڑھتے ہوئے مقابلے کا جواب دینا ہے۔
