Baaghi TV

باغ اور حویلی میں تیسرے مرحلے کے انتخابات

election vote

‎آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے باغ اور حویلی سمیت پونچھ ڈویژن کے مختلف حلقوں میں پولنگ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ ایل اے 17 باغ 4 حویلی میں ایک لاکھ 17 ہزار 514 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
‎ریٹرننگ افسر کے دفتر کے مطابق حلقے میں انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 199 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں ووٹرز اپنے پسندیدہ امیدوار کے حق میں ووٹ ڈال سکیں گے۔ حلقے میں 12 یونین کونسلز اور ٹاؤن کمیٹی کے علاقوں میں بھی پولنگ ہوگی۔
‎اعلامیے کے مطابق حویلی کے دور دراز علاقوں بشمول بھیڈی، ہلہ اور کیرنی میں انتخابی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔ انتخابی سامان کی ترسیل اور انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے حویلی کو 16 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
‎ریٹرننگ افسر کے دفتر کے مطابق 199 پولنگ اسٹیشنز میں سے 50 کو حساس جبکہ 25 کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی انتظامات کے تحت ہر پولنگ اسٹیشن پر 10 سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھا جاسکے۔
‎آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ انتخابی سامان پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات مؤخر کیے گئے ہیں۔
‎حالیہ انتخابات میں کئی اہم سیاسی شخصیات بھی میدان میں موجود ہیں۔ انتخابی مقابلے میں تین سابق وزرائے اعظم بھی حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، آئی پی پی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کے علاوہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور بھی انتخابی میدان میں اپنی سیاسی حیثیت منوانے کے لیے امیدوار ہیں۔
‎حلقے میں بڑی تعداد میں ووٹرز اور حساس پولنگ اسٹیشنز کے باعث سیکیورٹی اور انتخابی عمل کی شفافیت کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔ حکام کی جانب سے دور دراز علاقوں میں انتخابی سامان کی بروقت ترسیل کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔

More posts