Baaghi TV

یومِ آزادی کے اسٹال پر فائرنگ میں ملوث تین دہشتگرد گرفتار

کراچی: سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے یومِ آزادی کے اسٹال پر فائرنگ میں ملوث تین مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق 12 اگست کو ڈیفنس فیز 2 کے سن سیٹ بولیوارڈ پر یومِ آزادی کے اسٹال پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں قومی پرچم، جھنڈیاں اور بیجز فروخت کرنے والا 35 سالہ امن جاں بحق ہوگیا تھا۔گرفتار ملزمان کی شناخت ظفر علی، فراز اور سجاد احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 3 ہینڈ گرنیڈ اور ایک پستول برآمد ہوا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے مقتول امن کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ موجود تھا۔ واقعے کے بعد سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے تحقیقات کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں تینوں مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے سے متعلق مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

More posts