Baaghi TV

ایران کے ساتھ جنگ مڈٹرم انتخابات کے بعد ختم ہوجائے گی: ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ مڈٹرم انتخابات کے بعد ختم ہوجائے گی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں کریں گے جو ان کے لیے قابلِ قبول نہ ہو۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق آئرلینڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا اور ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکی نمائندے ایرانی حکام سے ملاقات کریں تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

یوکرین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی سے بھی گفتگو ہوئی ہے۔ امریکی صدر نے زیلنسکی پر زور دیا کہ روس میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانا بند کرنا ہوگا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا وینزویلا سے بڑی مقدار میں تیل حاصل کررہا ہے، جبکہ وینزویلا میں انتخابات اس وقت ہوں گے جب حالات سازگار ہوں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں دنیا کی سب سے کم شرح سود ہونی چاہیے اور امریکی معیشت تیزی سے ترقی کررہی ہے۔ مصنوعی ذہانت کے حوالے سے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جو بھی اس شعبے میں سبقت لے جائے گا، وہی کامیاب ہوگا۔

More posts