ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے استنبول کے تاریخی ’وحدتین محل‘ میں ترکیہ کے دورے پر پہنچے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا پرجوش خیرمقدم کیا-
ترک میڈیا کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں سرکاری استقبالیہ تقریب منعقد کی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے بند کمرے میں ون آن ون ملاقات کی،دوطرفہ ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے اعلیٰ سطح کے وفود کے ہمراہ مذاکرات کا دوسرا دور شرو ع کیا۔
ترک وفد میں وزیر خارجہ ہاکان فیدان، قومی انٹیلی جنس تنظیم (ایم آئی ٹی) کے سربراہ ابراہیم کالن، ڈائریکٹر کمیونیکیشنز برہان الدین دوران اور صدر اردوان کے چیف مشیر عاکف چاغاتائے کلیچ شامل تھے،ان ملاقاتوں کے اختتام کے بعد ہی دونوں سربراہانِ مملکت نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی ہے۔
ترکیہ میڈیا کے مطابق مذاکرات میں تجارت، دفاع، سرمایہ کاری اور انسدادِ دہشتگردی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی سیاسی صورتحال بھی ایجنڈے کا اہم حصہ رہی ہےدونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی، آبنائے ہرمز کی سلامتی، غزہ اور شام کی صورتحال سمیت مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام سے متعلق امور پر گہری گفتگو کی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہیں وہ حال ہی میں تہران میں ایران کے مرحوم سپریم لیڈر کی آخری رسومات میں بھی شریک ہوئے تھے۔
