انقرہ: ترکیے نے امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے لیے معاونت کی پیشکش کر دی ہے۔
ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر خطے میں امن معاہدہ طے پاتا ہے تو ترکیے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کو صاف کرنے کی کارروائیوں میں حصہ لینے پر غور کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کے آپریشنز مختلف ممالک کی تکنیکی ٹیموں کے ذریعے انجام دیے جائیں گے، لہٰذا ترکیے کے لیے اس عمل میں شرکت کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکیے ایسے اقدامات کو انسانی ہمدردی اور علاقائی استحکام کی ذمہ داری کے طور پر دیکھتا ہے اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون پر آمادہ ہے۔
ترک وزیر خارجہ کے اس بیان کو علاقائی سطح پر اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی ترسیل کا ایک انتہائی حساس اور اہم سمندری راستہ ہے، جہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی معیشت پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
