وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں بہبود آبادی اور آبادی میں توازن سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی، دستیاب وسائل پر اس کے اثرات اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وسائل اور آبادی کے درمیان متوازن تناسب ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آبادی کی تیز رفتار بڑھوتری قومی وسائل پر مسلسل دباؤ بڑھا رہی ہے، جس کے باعث معاشی ترقی، تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی جیسے شعبے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کی مؤثر منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری کے ساتھ ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کا افتتاحی اجلاس جلد از جلد طلب کیا جائے اور قومی سطح پر آبادی سے متعلق مؤثر پالیسی سازی کے لیے کونسل کا مکمل تنظیمی ڈھانچہ فوری طور پر تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خود نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی کریں گے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان بہتر تعاون کے ذریعے قومی سطح پر مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حکومت سماجی تحفظ کے مختلف پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی سے منسلک کرے گی، جبکہ خواتین کی تعلیم، صحت اور معاشی خودمختاری کو آبادی میں توازن پیدا کرنے کی حکمت عملی کا اہم حصہ بنایا جائے گا۔ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے ملک گیر آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی تاکہ ذمہ دارانہ خاندانی منصوبہ بندی کے فروغ میں مدد مل سکے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ایران سمیت کئی اسلامی ممالک آبادی پر قابو پانے کے مؤثر پروگراموں کے ذریعے مثبت نتائج حاصل کر چکے ہیں، جن کے تجربات سے پاکستان بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ نیشنل پاپولیشن کونسل صوبائی حکومتوں کے تعاون سے قومی سطح پر مربوط اقدامات کو یقینی بنائے گی، جبکہ اس کا سیکریٹریٹ وزارت منصوبہ بندی میں قائم کیا جائے گا۔
اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
بڑھتی آبادی قومی ترقی کے لیے بڑا چیلنج، نیشنل پاپولیشن کونسل جلد فعال کی جائے گی: وزیراعظم
