Baaghi TV

سجاول میں نہر میں ڈوبنے سے دو بہنیں جاں بحق

‎سجاول کے نواحی علاقے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا، جہاں کراچی سے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آنے والی دو کمسن بہنیں نہر میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئیں۔
‎تفصیلات کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ گاؤں صدیق سومرو کے قریب پنیاری نہر میں پیش آیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ چند بچیاں نہر میں نہا رہی تھیں کہ اچانک ایک بچی پانی میں ڈوبنے لگی۔ اسے بچانے کی کوشش میں دیگر بچیاں بھی پانی کی لپیٹ میں آ گئیں۔
‎حادثے کے نتیجے میں تین بچیاں نہر میں ڈوب گئیں، جن میں سے ایک کو بروقت بچا لیا گیا جبکہ دو بہنیں زندگی کی بازی ہار گئیں۔ جاں بحق ہونے والی بچیوں کی شناخت 12 سالہ نمرہ اور 10 سالہ ندا کے نام سے ہوئی ہے، جو کراچی سے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے گاؤں آئی تھیں۔
‎واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ مقامی غوطہ خوروں کی مدد سے دونوں بچیوں کی لاشیں نہر سے نکال لی گئیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر طرف غم کی فضا چھا گئی۔
‎اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ نہر کے کنارے حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث اس قسم کے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

More posts