Baaghi TV


یو این سیکرٹری جنرل کا امریکی کارروائی پر اعتراض، وینزویلا کے خلاف اقدام کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا


اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 جنوری کو کی گئی یہ کارروائی بین الاقوامی قوانین کے مطابق نہیں تھی۔
‎وینزویلا کی صورتحال پر غور کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس کے ایجنڈے میں عالمی امن و سلامتی کو لاحق خطرات پر بات چیت شامل ہے۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا تحریری بیان پڑھ کر سنایا گیا۔
‎اپنے بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کے دوران عالمی قوانین کی پاسداری نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ اس وقت امریکی تحویل میں ہیں، جس سے ملک میں عدم استحکام بڑھنے اور پورے خطے پر منفی اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔
‎یو این سیکرٹری جنرل نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی مکمل پابندی کریں اور ایک جامع، جمہوری مکالمہ شروع کریں تاکہ وینزویلا کے تمام طبقات اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔
‎انہوں نے کہا کہ عالمی امن اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر اور متعلقہ قانونی اصولوں کا احترام ناگزیر ہے۔ ریاستوں کی خودمختاری، سیاسی آزادی اور علاقائی سالمیت کا احترام ہر حال میں ہونا چاہیے۔
‎انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ دھمکی یا طاقت کے استعمال پر پابندی ضروری ہے اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔

More posts