گھوٹکی: پولیس حوالات میں ایک شخص کو برہنہ کرکے مبینہ بدسلوکی کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا۔
پولیس کے مطابق وائرل ویڈیو میں ایک شخص کو پولیس حوالات کے اندر برہنہ کرکے مبینہ طور پر بدسلوکی کا نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ویڈیو میں احکامات دینے والی آواز مبینہ طور پر تھانہ اندل سندرانی کے ایس ایچ او انسپکٹر قابل بھیو کی ہے۔ایس ایس پی گھوٹکی کے نوٹس کے بعد انسپکٹر قابل بھیو کو فوری طور پر عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ افسر کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کے لیے محکمانہ انکوائری بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے واضح کیا ہے کہ پولیس کی تحویل میں کسی بھی قسم کا تشدد، بدسلوکی یا انسانی حقوق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عہدے یا رتبے سے قطع نظر قانون کی خلاف ورزی میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
