امریکا نے بھارت کو روس سے خام تیل خریدنے کے لیے ایک ماہ کی عارضی رعایت دے دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران سے متعلق جنگی صورتحال کے باعث عالمی تیل منڈی میں دباؤ بڑھنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکا نے بھارت کو تیس دن کے لیے روسی تیل خریدنے کی اجازت دی ہے تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی میں ممکنہ خلل کو کم کیا جا سکے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ یہ رعایت صرف ان روسی تیل بردار جہازوں تک محدود ہوگی جو پہلے سے سمندر میں موجود ہیں۔ ان کے مطابق اس فیصلے سے روس کو کوئی بڑا مالی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی حکام نے بتایا ہے کہ واشنگٹن نے روس کے توانائی کے شعبے پر عائد پابندیوں کے باوجود بعض مخصوص ترسیلات کو آگے بڑھانے کے لیے تیس دن کی عارضی چھوٹ کی منظوری دی ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عالمی تیل سپلائی کو مستحکم رکھنا اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔