اسلام آباد: پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ امریکا مختلف شعبوں میں ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کا خواہاں ہے۔ ان کے مطابق سیاحت، ہاسپٹیلٹی، ہیلتھ کیئر اور دیگر شعبوں میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے بہترین امکانات موجود ہیں۔
یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان افرادی قوت، روزگار، باہمی تعاون اور دیگر دوطرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی ناظم الامور نے کہا کہ امریکا پاکستان کو خطے میں ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور مختلف شعبوں میں ہنر مند افرادی قوت کے حوالے سے تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پیشہ ور افراد اپنی صلاحیتوں اور مہارت کے باعث عالمی سطح پر اچھی شہرت رکھتے ہیں، جس کے باعث امریکی مارکیٹ میں بھی ان کے لیے مواقع موجود ہیں۔
نیٹلی بیکر نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عالمی امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان دنیا کے مختلف ممالک کو ہنر مند افرادی قوت فراہم کر رہا ہے۔ ان کے مطابق تعمیرات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں پاکستانی ماہرین اور کارکنان اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور عالمی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان افرادی قوت اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا، جس سے پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو بھی مزید فروغ ملے گا۔
امریکا میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں، امریکی ناظم الامور
