Baaghi TV

امریکی طیارہ بردار بحری جہاز جارج واشنگٹن مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ

‎امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق بحریہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ جنگی جہاز گزشتہ ہفتے ویتنام کے شہر دا نانگ سے روانہ ہوا تھا اور اب آبنائے ملاکا تک پہنچ چکا ہے۔
‎امریکی عہدیدار کے مطابق یو ایس ایس جارج واشنگٹن کا اگلا رخ بحر ہند کی جانب ہے۔ طیارہ بردار بحری جہاز کی مشرق وسطیٰ کی سمت پیش قدمی ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب خطے میں کشیدگی اور فوجی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
‎دوسری جانب امریکی میڈیا میں طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن پر تعینات اہلکاروں کو درپیش مسائل سے متعلق رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں۔ ان رپورٹس میں جہاز پر سپلائی، خوراک اور طویل عرصے تک سمندر میں رہنے والے اہلکاروں کی ذہنی صحت سے متعلق خدشات کا ذکر کیا گیا ہے۔
‎رپورٹس کے مطابق تقریباً 5 ہزار امریکی سیلرز اور میرینز مسلسل 250 دن سے ابراہم لنکن پر تعینات ہیں، جبکہ بعض اہلکار 260 روز سے زیادہ عرصہ سمندر میں گزار چکے ہیں۔ طویل تعیناتی کے باعث اہلکاروں پر جسمانی اور ذہنی دباؤ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
‎تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ نے جہاز پر خراب حالات سے متعلق رپورٹس کو مسترد کر دیا ہے۔ سینٹکام کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے سمندر میں موجود ہونے کے باوجود ابراہم لنکن پر تعینات اہلکار اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے پُرعزم ہیں۔

More posts