Baaghi TV

وینزویلا میں زلزلوں سے ہلاکتیں 4,930 تک پہنچ گئیں، 50 ہزار افراد تاحال لاپتا

‎وینزویلا میں گزشتہ ماہ جون کے دوران آنے والے تباہ کن دو زلزلوں کے بعد انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق زلزلوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4,930 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اقوام متحدہ کا اندازہ ہے کہ 50 ہزار تک افراد اب بھی لاپتا ہیں اور خدشہ ہے کہ ان میں سے بڑی تعداد ملبے تلے دبی ہوئی ہے۔
‎وینزویلا کے قانون ساز جارج روڈریگیز نے جمعرات کو ہلاکتوں کے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں بدستور جاری ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں میں تباہی کے باعث مکمل معلومات اکٹھی کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔
‎رپورٹس کے مطابق زلزلوں میں تقریباً 17 ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 21 ہزار 120 افراد اپنے گھروں سے بے دخل ہونے کے بعد عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ ہزاروں مکانات، سڑکیں اور دیگر بنیادی ڈھانچے تباہ ہونے سے لاکھوں افراد کی زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔
‎متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ زلزلے کے فوراً بعد ابتدائی امدادی سرگرمیوں کا آغاز عام شہریوں اور رضاکاروں نے کیا، جبکہ سرکاری اداروں کی مؤثر کارروائی بعد میں دیکھنے میں آئی۔ متاثرہ خاتون سنتھیا پولیڈو نے الجزیرہ سے گفتگو میں کہا کہ زلزلے کے فوری بعد مقامی لوگوں نے ایک دوسرے کی مدد کی، مگر سرکاری امداد میں تاخیر محسوس کی گئی۔
‎ایک اور متاثرہ خاتون لوئسماریز پائز نے بتایا کہ وہ بے گھر ہونے کے بعد انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہی ہیں۔ ان کے مطابق انہیں جو تھوڑی بہت امداد ملتی ہے، وہ صرف اپنی اور اپنے بچوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہوتی ہے، جبکہ ان کی والدہ کو بھی محدود امداد میسر ہے۔
‎بین الاقوامی امدادی ٹیمیں، جنہوں نے زلزلے کے فوراً بعد امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لیا تھا، اب واپس جا چکی ہیں اور توجہ متاثرین کو خوراک، رہائش، طبی سہولیات اور دیگر انسانی امداد فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔

More posts