Baaghi TV

ٹیکساس میں طوفانی بارشوں سے سیلاب، 2 افراد ہلاک

‎امریکا کی ریاست ٹیکساس میں کئی روز سے جاری موسلا دھار بارشوں کے بعد شدید سیلاب نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق اب تک کم از کم 2 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ امدادی ٹیموں نے 230 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ یہ وہی علاقہ ہے جو گزشتہ سال جولائی میں بھی تباہ کن سیلاب سے شدید متاثر ہوا تھا۔
‎ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ امدادی کارروائیوں میں 85 سے زائد کشتیاں، 20 طیارے اور 200 ہائی واٹر ریسکیو گاڑیاں استعمال کی جا رہی ہیں تاکہ سیلاب میں پھنسے افراد کو جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔
‎حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک شخص بھی شامل ہے جو اپنے موبائل ہوم (تفریحی گاڑی) سمیت سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 65 سالہ جان مارک اسٹیورڈ کیرول (کیر وِل) کے علاقے میں پیش آنے والے واقعے میں جان کی بازی ہار گئے۔ تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے اس ہلاکت کی باضابطہ تصدیق ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔
‎دوسرا متاثرہ 74 سالہ شخص تھا، جس کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔ پولیس کے مطابق وہ یووالڈی کے قریب گاڑی چلا رہا تھا کہ سیلابی پانی میں پھنس گیا۔ محکمہ پبلک سیفٹی کی ٹیم نے مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے دس بجے اس کی گاڑی کو پانی میں بہتے ہوئے دیکھا، بعد ازاں اس کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
‎ماہرین موسمیات کے مطابق جنوبی ٹیکساس کے بعض علاقوں میں صرف ایک ہفتے کے دوران تقریباً ایک سال کے برابر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی۔ اگرچہ متاثرہ علاقوں میں موسم کی صورتحال اب بتدریج بہتر ہونے لگی ہے، تاہم حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور سیلابی پانی سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

More posts