کوئٹہ میں قومی سلامتی اور اسٹریٹجک قیادت ورکشاپ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچستان کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والی اہم علمی و انتظامی شخصیات نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز اور بلوچستان کے اہم مسائل سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔
ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں بلوچستان کی 12 جامعات کے وائس چانسلرز، پرو وائس چانسلرز، ڈینز، پرو ڈینز، ریکٹرز، پرو ریکٹرز اور دیگر اہم شخصیات سمیت مجموعی طور پر 55 شرکاء شریک ہوئے۔ورکشاپ کے دوران شرکاء کو پاکستان کے اندرونی و بین الاقوامی روابط، قومی سلامتی کی صورتحال، بلوچستان کے قدرتی وسائل، تاریخی پس منظر، صوبے کو درپیش مختلف مسائل، دہشتگردی کے خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔شرکاء نے موجودہ ملکی و علاقائی صورتحال کے تناظر میں اس نوعیت کی ورکشاپ کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے اس اقدام کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں اور قومی سلامتی کے اداروں کے درمیان روابط کے فروغ سے باہمی ہم آہنگی اور شعور میں اضافہ ہوگا۔
اختتامی تقریب کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیں اور قومی سلامتی کے فروغ میں تعلیمی اداروں کے کردار کو اہم قرار دیا۔
