Baaghi TV


300 روپے کے تنازع پر نوجوان قتل، غریب خاندان انصاف کا منتظر

راولپنڈی: تھانہ صادق آباد کی حدود ڈھوک کالا خان میں 300 روپے کے معمولی تنازع پر 24 سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر بے دردی سے قتل کر دیا گیا، جبکہ واقعے کے دس روز گزرنے کے باوجود مقتول کا غریب خاندان انصاف کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب مقتول کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ شدید مالی مشکلات کے باعث وہ قانونی کارروائی کے لیے وکیل تک کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
‎خاندانی ذرائع کے مطابق مقتول اپنے چھ بہنوں کا اکلوتا بھائی اور ضعیف والدین کا واحد سہارا تھا۔ وہ ایک مرغی شاپ پر روزانہ تقریباً 1300 روپے اجرت پر کام کرتا تھا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دکان مالک نے اسے ملازمت سے فارغ کرتے ہوئے صرف ایک ہزار روپے ادا کیے، جبکہ 300 روپے بقایا رہ گئے تھے۔
‎اطلاعات کے مطابق واقعے والے روز نوجوان اپنی بقایا رقم وصول کرنے کے لیے دکان پر گیا، جہاں رقم کے معاملے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ الزام ہے کہ اس دوران دکان کے مالک نے مرغیاں ذبح کرنے والے چھری نما آلے سے نوجوان پر متعدد وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
‎پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور قتل میں استعمال ہونے والا آلہ بھی برآمد کر لیا۔ مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
‎مقتول کے اہل خانہ نے حکومت اور مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ انہیں قانونی معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ عدالت میں مؤثر انداز میں اپنا مقدمہ لڑ سکیں اور مقتول کو انصاف مل سکے۔

More posts