Baaghi TV

لنڈی کوتل، زمین کے تنازع پر خونریز تصادم، 4 افراد جاں بحق، 9 زخمی

ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے نیکی خیل میں زمین کے تنازع نے خونریز رخ اختیار کر لیا، جہاں متنازع اراضی پر درخت کاٹنے کے معاملے پر دو فریقوں کے درمیان ہونے والی شدید فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نیکی خیل میں زمین کی ملکیت کے تنازع پر دونوں فریقوں کے درمیان کافی عرصے سے کشیدگی چلی آ رہی تھی۔ ہفتے کے روز ایک فریق متنازع زمین پر موجود درخت کاٹ رہا تھا کہ دوسرے فریق نے اس پر اعتراض کیا، جس پر پہلے تلخ کلامی ہوئی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے معاملہ مسلح تصادم میں تبدیل ہوگیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے واقعے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری اپنی جانوں کے تحفظ کے لیے گھروں تک محدود ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال لنڈی کوتل منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث مزید علاج کے لیے پشاور کے مختلف اسپتالوں میں ریفر کر دیا گیا۔پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے جبکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور تصادم میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ نیکی خیل میں زمین کے تنازع پر دونوں فریقوں کے درمیان ماضی میں بھی کئی مرتبہ کشیدگی پیدا ہو چکی ہے، تاہم اس بار متنازع اراضی پر درخت کاٹنے کے معاملے نے تنازع کو سنگین خونریز تصادم میں تبدیل کر دیا، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔

More posts