اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے سیاسی اور انتظامی معاملات، بالخصوص گورنر کے تقرر کے حوالے سے اہم پیش رفت کرتے ہوئے تین رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ شامل ہیں۔ کمیٹی کا بنیادی مقصد گلگت بلتستان کے لیے گورنر کے عہدے پر موزوں امیدوار کا انتخاب اور خطے کے سیاسی و انتظامی امور پر مشاورت کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ گورنر کے عہدے کے لیے امیدوار کا انتخاب بلتستان سے کیا جائے گا تاکہ خطے کی سیاسی نمائندگی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔کمیٹی مختلف ناموں کا جائزہ لینے کے بعد حتمی امیدواروں کی فہرست پارٹی قیادت کو منظوری کے لیے ارسال کرے گی، جس کے بعد گورنر کی تقرری کے حوالے سے باضابطہ فیصلہ کیا جائے گا۔
ادھر وفاقی وزیر امیر مقام نے گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے مشاورتی رابطے بھی شروع کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان مشاورتوں میں گورنر کے تقرر کے علاوہ گلگت بلتستان کی ترقی، عوامی فلاح، آئندہ سیاسی حکمت عملی اور خطے سے متعلق پارٹی ایجنڈے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا قیام گلگت بلتستان میں سیاسی استحکام، مؤثر انتظامی فیصلوں اور ترقیاتی عمل کو مزید مضبوط بنانے کی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
