سندر پولیس نے گھوڑوں کی ریس پر جوا کھیلنے والے 12 جواریوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر سندر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مین ملتان روڈ پر ٹریفک جام کرکے گھوڑوں کی ریس کروانے والے ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان مین ملتان روڈ پر گھوڑوں کی ریس کروا کر اس پر جواء لگوا رہے تھے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔سندر پولیس ٹیم نے کارروائی کے دوران 12 جواریوں کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان کے قبضے سے ریس میں دوڑنے والی گھوڑی، نقدی، رجسٹر اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ نے سندر پولیس ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دی۔ ان کا کہنا ہے کہ قمار بازوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے
