مانسہرہ: موسیٰ کا مصلیٰ چوٹی سے واپسی کے دوران آئرلینڈ کا غیر ملکی سیاح لاپتا ہوگیا، جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق 13 ہزار 500 فٹ بلند موسیٰ کا مصلیٰ چوٹی پر آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والا سیاح الیگزینڈر اپنے ایک غیر ملکی دوست کے ہمراہ گیا تھا۔ دونوں غیر ملکی سیاح مبینہ طور پر بغیر این او سی کے چوٹی پر پہنچے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واپسی کے دوران دونوں سیاحوں نے الگ الگ راستے سے نیچے اترنے کی شرط لگائی، جس کے بعد الیگزینڈر لاپتا ہوگیا۔لاپتا سیاح کی تلاش کے لیے پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ واقعے کے مزید حقائق بھی جمع کیے جا رہے ہیں۔
