چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اہلِ خانہ کی ملاقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل ملاقاتوں پر پابندی سیاسی کشیدگی اور نفرتوں میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 37 ہفتے گزر چکے ہیں لیکن بانی پی ٹی آئی سے کسی بھی فرد کی ملاقات نہیں کروائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں کا حق سلب کرنا مناسب نہیں، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو معاشرے میں تناؤ اور نفرتیں مزید بڑھیں گی۔آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر پارٹی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا، جہاں مقامی حالات کا جائزہ لینے کے بعد انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر کے حوالے سے کسی بھی ریاست مخالف بیانیے کی حمایت نہیں کرتی، تاہم عوام کے جائز اور آئینی مطالبات کی مکمل تائید کرتی ہے۔پارٹی کے اندر فارورڈ بلاک کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف متحد ہے اور فارورڈ بلاک سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی سے ان کے اہلِ خانہ کی ملاقات بھی ہوئی۔ ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی سے ان کی بھابھی مہر النساء مانیکا اور بیٹی مبشرہ شیخ نے ملاقات کی، جو جیل کے کانفرنس روم میں تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی کی صحت، خیریت اور دیگر خاندانی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات پرامن ماحول میں مکمل ہوئی، تاہم بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اہلِ خانہ کی ملاقات نہ ہونے کا معاملہ بدستور سیاسی حلقوں میں زیر بحث ہے۔
