Baaghi TV

ابوظہبی: نایاب سفید باز 15 لاکھ درہم میں نیلام، رواں سال کا مہنگا ترین پرندہ بن گیا

ابوظہبی میں منعقدہ بین الاقوامی نمائش کے دوران انتہائی نایاب سفید باز 15 لاکھ درہم، یعنی تقریباً 4 لاکھ 8 ہزار امریکی ڈالر میں نیلام ہوگیا، جس کے بعد یہ رواں سال نیلامی میں فروخت ہونے والا مہنگا ترین پرندہ بن گیا۔

روسی نشریاتی ادارے اور متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق نایاب باز کی یہ ریکارڈ فروخت ابوظہبی انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکوسٹرین ایگزیبیشن میں ہونے والی نیلامی کے پانچویں راؤنڈ کے دوران ہوئی۔

’قرموشہ پیور الٹرا وائٹ‘ نامی یہ باز امریکا کے ایک خصوصی فارم میں پالا گیا تھا، جو اعلیٰ نسل کے بازوں کی افزائش کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے۔ باز کو اس کے مکمل سفید پروں، نایاب نسل اور شاندار جسمانی خدوخال کے باعث نیلامی میں خاص توجہ حاصل ہوئی۔

اس کی منفرد ظاہری خصوصیات اور نایاب نسل نے بولی دہندگان کی بھرپور توجہ حاصل کی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس کی قیمت بڑھ کر 15 لاکھ درہم تک پہنچ گئی۔ یوں یہ پرندہ رواں سال نیلامی میں فروخت ہونے والا سب سے مہنگا باز بن گیا۔

ابوظہبی میں جاری اس عالمی نمائش میں متحدہ عرب امارات سمیت دنیا بھر سے بازوں کی افزائش اور دیکھ بھال کے شعبے میں مہارت رکھنے والے 55 سرکردہ فارمز شریک ہیں، جس سے نمائش کی بین الاقوامی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

عرب خطے بالخصوص خلیجی ممالک میں باز کے ذریعے شکار صدیوں پرانی روایت اور ثقافتی ورثے کا اہم حصہ ہے۔ متحدہ عرب امارات میں باز کو طاقت، جرأت اور فخر کی علامت سمجھا جاتا ہے، جبکہ بازوں کی افزائش، تربیت اور شکار کی روایت کو جدید دور میں بھی خصوصی اہمیت حاصل ہے۔

ابوظہبی میں ہونے والی ایسی بین الاقوامی نمائشوں کا مقصد اسی قدیم روایت کو جدید خطوط پر فروغ دینا، اعلیٰ نسل کے بازوں کو متعارف کرانا اور دنیا بھر کے ماہرین و شائقین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔

نایاب سفید باز کی 15 لاکھ درہم میں ریکارڈ فروخت بھی خلیجی معاشرے میں باز سے جڑی قدیم ثقافتی وابستگی اور اس شاندار روایت کے لیے موجود خصوصی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔

More posts