Baaghi TV

ملک بھر میں 79 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا

اسلام آباد: ملک بھر میں آج پاکستان کا 79 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، سلامتی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا، جبکہ مختلف شہروں میں توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا اور ہر شہر، گلی اور محلہ سبز ہلالی پرچموں سے سج گیا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں چراغاں اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جبکہ شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور جشن آزادی کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں۔لاہور میں گریٹر اقبال پارک اور لبرٹی چوک میں یوم آزادی کی مناسبت سے شاندار آتش بازی کی گئی۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے قومی پرچم لہراتے ہوئے جشن آزادی کی خوشیاں منائیں۔حیدرآباد میں بھی رات 12 بجتے ہی مختلف مقامات پر آتش بازی کی گئی، جبکہ شہری جشن آزادی منانے کے لیے بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔ ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جسے دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔

لاہور میں یوم آزادی کے دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، قومی یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔کوئٹہ میں بھی کینٹ کے مقام پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور مساجد میں نماز فجر کے دوران ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ملک بھر میں یوم آزادی کی تقریبات کے دوران قومی پرچم لہرائے جا رہے ہیں جبکہ مختلف شہروں میں ریلیوں، ملی نغموں، چراغاں اور دیگر تقریبات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

More posts