Baaghi TV

ناروے کے وزیر خارجہ کا سادگی کا انداز، پاکستانی حکمرانوں کے لیے سبق

pak

اسلام آباد: ناروے کے وزیر خارجہ اسپن بارتھ ایڈے کا پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے اہم رہا، تاہم ان کے دورے کے دوران ایک سادہ سا منظر سوشل میڈیا پر خاص طور پر توجہ کا مرکز بن گیا۔

اسپن بارتھ ایڈے گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان کا دورہ کرنے والے ناروے کے پہلے وزیر خارجہ ہیں۔ ان کے دورے کے دوران پاکستان اور ناروے کے درمیان باہمی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تاہم ناروے کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کے موقع پر ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔ ویڈیو میں انہیں کمرشل پرواز سے پاکستان پہنچنے کے بعد اپنا سامان خود اٹھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ایک اعلیٰ عہدے پر فائز شخصیت کا اس قدر سادہ انداز اختیار کرنا سوشل میڈیا صارفین کے لیے حیران کن تھا اور ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی،ناروے کے وزیر خارجہ تو عام پرواز سے پاکستان پہنچے لیکن پاکستانی حکمران جب کسی ملک کے دورے پر جاتے ہیں تو کیا عام پرواز پر جاتے ہیں؟

سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے ناروے کے وزیر خارجہ کے اس طرزِ عمل کو سادگی، خود انحصاری اور عوام کے قریب رہنے کی مثال قرار دیا۔ بعض صارفین نے اس منظر کا موازنہ پاکستان میں وزیروں، مشیروں اور حکومتی شخصیات کے پروٹوکول کلچر سے کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ عوامی نمائندوں کو بھی سرکاری وسائل کے استعمال اور پروٹوکول کے معاملے میں سادگی کیوں اختیار نہیں کرنی چاہیے؟ دنیا کے کئی ممالک میں اعلیٰ سرکاری عہدیدار عام لوگوں کی طرح سفر کرتے اور اپنے معمول کے کام خود انجام دیتے ہیں، جبکہ پاکستان میں حکومتی شخصیات کے گرد غیر معمولی پروٹوکول، گاڑیوں کے قافلے اور سکیورٹی انتظامات نظر آتے ہیں۔

More posts