Baaghi TV

لاہور،دبئی سے آئی 9 سالہ بچی ڈرین ہول میں پھنس کر جاں بحق

‎لاہور کے علاقے باٹا پور میں واقع ایک نجی واٹر پارک میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں دبئی سے چھٹیاں گزارنے کے لیے پاکستان آنے والی 9 سالہ راحمین فاطمہ جاں بحق ہو گئی۔ واقعے نے اہل خانہ سمیت پورے علاقے کو سوگوار کر دیا، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واٹر پارک کے تین ذمہ داران کو گرفتار کر لیا ہے۔
‎ریسکیو حکام کے مطابق راحمین فاطمہ سوئمنگ پول میں نہا رہی تھی کہ اس دوران وہ پول کے ڈرین ہول میں پھنس گئی۔ اہلکاروں کے پہنچنے سے پہلے ہی موجود افراد نے بچی کو ڈرین پائپ سے نکال لیا، تاہم وہ تشویشناک حالت میں تھی۔ اسے فوری طور پر گنگا رام اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
‎ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ مین ڈرین ہول پر حفاظتی جالی موجود نہ ہونے کے باعث پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں غفلت کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
‎بچی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ باٹا پور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے غفلت برتنے کے الزام میں واٹر پارک کے منیجر، سیکیورٹی انچارج اور سی سی ٹی وی انچارج کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
‎خاندانی ذرائع کے مطابق راحمین فاطمہ تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل دبئی سے گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے لیے پاکستان آئی تھی۔ وہ اپنے والدین کی اکلوتی بیٹی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اس کے والد، جو دبئی میں مقیم ہیں، فوری طور پر پاکستان روانہ ہو گئے۔

More posts