Baaghi TV

نئے سال کا پہلادن،معاشی اصلاحات پر وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس

pm

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نئے سال کے پہلے دن معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری میں اضافہ اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے پیش کردہ اقتصادی اصلاحات پر مبنی معاشی گورننس کی پالیسی پر تمام وزارتوں کی طرف سے مؤثر عمل درآمد ناگزیر ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تمام متعلقہ وزارتوں سے عملی اقدامات اور کم سے کم دورانیہ پر مشتمل جامع حکمت عملی کے لیے تجاویز طلب کر لیں اور ساتھ ہدایت دیں کہ تمام وزارتیں اپنے شعبوں سے متعلقہ بیرونی اور اندرونی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سفارشات جلد از جلد مرتب کریں. وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کی آسانی کے لیے ادارہ جاتی اور انتظامی سہولیات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے بیرونی اور ملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات دینے کے لئے سفارشات طلب کرلیں اور ہدایت کی کہ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے برآمدات کے شعبے کی ترویج کی تجاویز اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے۔ موثر معاشی اصلاحات اور مجموعی معاشی ترقی کے لیے تمام وزارتوں کی باہمی ہم آہنگی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا باہمی تعاون کلیدی کردار رکھتا ہے۔ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے متعلقہ وزارتیں دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے مؤثر تعاون کریں۔ سرمایہ کاری کے لیے پاکستانی سفارتخانوں میں سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات اور دیگر اہم معلومات کی ابتدائی آگاہی کو یقینی بنایا جائے۔ وزارتیں سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے صنعتی پیداوار ، زراعت اور دیگر تمام اہم شعبوں پر یکساں توجہ دیں۔

وزیراعظم نے معیشت سے متعلقہ تمام وزارتوں کو عملی اقدامات پر مشتمل جامع حکمت عملی اور سفارشات طلب کرلیں۔ اس موقع پر مختلف وزارتوں کی طرف سے وزیراعظم کو جاری ترقیاتی منصوبوں اور معاشی، ادارہ جاتی انتظامی اصلاحات پر جاری کام کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ مزید براں وزیراعظم نے معاشی ترقی اور اصلاحات کی تجاویز میں وزارتوں کے مابین باہمی ہم آہنگی اور صوبوں اور وفاقی اداروں کے باہمی تعاون کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وفاقی وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر براۓ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، تمام صوبوں کے چیف سیکٹریز ، نیشنل کوارڈینیٹر ایس آئی ایف سی اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔

More posts