امریکی ریاست کیلی فورنیا میں 24 سال پرانے ایک کولڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں حکام کا کہنا ہے کہ سوزین سائٹس فینٹن کے قتل کے ملزم کی شناخت کر لی گئی ہے۔
سان برنارڈینو شیرف ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تفتیش سے یہ بات ثابت ہوئی کہ سوزین سائٹس فینٹن کو گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موت سے قبل انہیں اغوا کیا گیا اور جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
یہ واقعہ اپریل 2001 کی ایک جمعے کی رات پیش آیا تھا، جب جنوبی کیلی فورنیا میں 32 سالہ سوزین سائٹس فینٹن اپنی ریٹیل ملازمت کے دوران وقفے پر پارکنگ لاٹ میں گئیں اور اس کے بعد لاپتہ ہو گئیں۔
بعد ازاں تفتیش کاروں نے ان کی لاش موہاوی صحرا کے ایک ویران علاقے سے گولی لگی حالت میں برآمد کی تھی، تاہم طویل عرصے تک قاتل کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
اب کولڈ کیس کی دوبارہ تفتیش کے بعد سان برنارڈینو شیرف ڈیپارٹمنٹ نے بتایا ہے کہ لاس اینجلس کے شمال مشرق میں واقع ہائی ڈیزرٹ کے علاقے ہیسپیریا سے تعلق رکھنے والے 51 سالہ ریمنڈ سلوا گونزالیز کو گزشتہ جمعرات گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم پر قتل کا الزام عائد کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
24 سال پرانا کولڈ کیس حل، سوزین سائٹس فینٹن کے قتل کا ملزم گرفتار
