Baaghi TV

ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرخان،مذاکرات کی آفر کے بعدنرسوں کا احتجاج ختم

یوٹرن یا صلح نامہ؟ چارج نرس ماریہ عندلیب کا وضاحتی بیان جاری ایم پی اے، سی ای او ہیلتھ، ایم ایس سے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے معذرت کی
گوجرخان (قمرشہزاد) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرخان کی نرسسز نے اعلی الصبح ہسپتال کے باہر احتجاج کیا مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھا سی ایم کی ریڈ لائن خواتین ہسپتال کی نرسسز کو ہراسانی کا سامنا، وارڈ ماسٹر کی غنڈہ گردی نامنظور جیسے دیگر تیکھے نعرے درج تھے۔ معاملے کی نزاکت اور احتجاج کی شدت کو بھانپتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر سرمد حسین کیانی اور سینئر ڈاکٹرز و ایڈمنز میدان میں آ گئے۔ انتظامیہ نے احتجاجی نرسوں کو مذاکرات کی میز پر بلایا اور ان کے جائز مطالبات حل کرنے کی ٹھوس یقین دہانی کروائی، جس کے بعد نرسوں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔ دوسری جانب اس پورے معاملے میں اس وقت نیا موڑ آگیا جب متاثرہ چارج نرس ماریہ عندلیب نے ایڈمن آفس سے اپنے وضاحتی بیان میں سوشل میڈیا پر انکے تبادلے کو ایم پی اے سمیت شعبہ صحت حکام کے نام سے منسوب کرنے کی جو پوسٹیں گردش کر رہی تھیں مذکورہ نرس نے ان تمام تر الزامات کی گرد جھاڑتے ہوئے کہا کہ ان کا ایم ایس ڈاکٹر سرمد کیانی، سی ای او ہیلتھ راولپنڈی یا ایم پی اے راجہ شوکت عزیز بھٹی کے ساتھ کوئی جھگڑا یا اختلاف نہیں ہے نہ ہی ان میں سے کسی نے میرا تبادلہ کروایا ہے۔ مزید برآں انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنا تبادلہ واپس کروانے کے لیے سی ای او ہیلتھ راولپنڈی سے رجوع کر چکی ہیں جہاں سے انہیں مثبت اشارہ ملا ہے۔ حیرت انگیز طور پر چارج نرس نے ہسپتال انتظامیہ اور ڈی ایچ اے راولپنڈی حکام سے غلط فہمی کی بنا پر کیے گے احتجاج کی وجہ سے کسی بھی قسم کی دل آزاری پر معذرت بھی کر لی ہے، جس نے احتجاج کے پیچھے چھپے اصل حقائق پر کئی سوالیہ نشانات کھڑے کر دیے ہیں۔

More posts