Baaghi TV

اجے دیوگن کو فلمی دنیا میں متعارف کروانے والے کوکو کوہلی انتقال کرگئے

معروف بھارتی فلمساز کوکو کوہلی 77 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ انہیں ممبئی کے ایک اسپتال میں اچانک دل کا شدید دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

کوکو کوہلی نے فلم ’پھول اور کانٹے‘ کے ذریعے اجے دیوگن کو بالی ووڈ میں متعارف کروایا تھا اور کئی دہائیوں تک ہندی فلم انڈسٹری سے وابستہ رہے۔ ان کے انتقال کی خبر سے بالی ووڈ میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

فلمساز، پروڈیوسر اور کوکو کوہلی کے دوست اشوک پنڈت نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کوکو کوہلی کسی بیماری میں مبتلا نہیں تھے، انہیں اچانک دل کا شدید دورہ پڑا۔ انہیں فوری طور پر ممبئی کے کوکیلا بین دھیروبھائی امبانی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

بطور ہدایت کار کوکو کوہلی کی پہلی فلم ’پھول اور کانٹے‘ تھی، جو 1991 میں ریلیز ہوئی اور تجارتی طور پر کامیاب رہی۔ اسی فلم کے ذریعے اجے دیوگن نے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ فلم میں مدھو، امریش پوری، ارونا ایرانی اور جگدیپ سمیت دیگر اداکاروں نے اہم کردار ادا کیے تھے۔

کوکو کوہلی نے اسی سال فلم ’کہرام‘ کی ہدایت کاری کی، جبکہ 1994 میں ایک مرتبہ پھر اجے دیوگن کے ساتھ فلم ’سہاگ‘ بنائی۔ اس فلم میں اکشے کمار، کرشمہ کپور اور نغمہ بھی شامل تھیں۔ ’سہاگ‘ سپر ہٹ ثابت ہوئی اور اس کے ذریعے اجے دیوگن اور اکشے کمار کی جوڑی پہلی مرتبہ بڑے پردے پر نظر آئی۔

کوکو کوہلی کی دیگر معروف فلموں میں ’حقیقت‘، ’ظلمی‘، ’اناڑی نمبر 1‘ اور ’یہ دل عاشقانہ‘ شامل ہیں۔ بطور ہدایت کار ان کی آخری فلم ’وہ تیرا نام تھا‘ 2004 میں ریلیز ہوئی تھی۔

جنوری 2026 میں ’یہ دل عاشقانہ‘ کی دوبارہ سینما گھروں میں نمائش کے موقع پر کوکو کوہلی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس بات پر بے حد خوشی ہے کہ نئی نسل کو بھی یہ فلم بڑے پردے پر دیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

More posts