Baaghi TV

سبی، بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو فیز-II کے تحت 7 ترقیاتی منصوبوں کی ٹینڈر اوپننگ مکمل

سبی: ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور ضلعی انتظامیہ سبی کے باہمی اشتراک سے ضلع سبی میں بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو فیز-II کے تحت محکمہ سی اینڈ ڈبلیو (کمیونیکیشن اینڈ ورکس) کے سات اہم ترقیاتی منصوبوں کی ٹینڈر اوپننگ کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر متعلقہ افسران، ٹھیکیداروں اور دیگر شراکت داروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تفصیلات کے مطابق مجموعی طور پر تقریباً 20 ٹھیکیداروں نے ٹینڈرنگ کے عمل میں شرکت کی۔ تمام ٹیکنیکل اور مالیاتی بڈز کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق تمام متعلقہ فریقین کی موجودگی میں کھولا گیا تاکہ شفافیت، میرٹ اور مسابقتی عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ منصوبے ضلع سبی میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور عوامی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں نے اس موقع پر کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام مراحل میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

حکام کے مطابق ٹیکنیکل جانچ پڑتال کے بعد کامیاب قرار پانے والے ٹھیکیداروں کو مقررہ طریقہ کار کے تحت آئندہ چند روز میں ورک آرڈرز جاری کر دیے جائیں گے، جس کے بعد منصوبوں پر عملی کام کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔عوامی حلقوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے ضلع سبی میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا اور مقامی افراد کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

More posts