پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مزید 10 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 24 فروری 2026 کو ژوب میں ہونے والے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں آٹھ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج مارے گئے تھے، جس کے بعد 25 فروری کو علاقے میں جامع سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن شروع کیا گیا۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مختلف راستوں پر چھپے دہشتگردوں کا سراغ لگا کر ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 10 خوارج ہلاک ہوئے۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے عناصر علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے جاری انسداد دہشتگردی مہم “عزمِ استحکام” کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
ژوب میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، مزید 10 دہشتگرد ہلاک: آئی ایس پی آر
