کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7 میں پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کی واردات کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے پیٹرول پمپ کے کیشیئر سے نقد رقم چھینی اور فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکاروں نے تعاقب شروع کیا اور حکمت عملی کے تحت ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی شناخت نبیل کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ فرار ملزم فہیم عائشہ منزل کا رہائشی ہے اور دونوں ملزمان نے ڈکیتی کا منصوبہ عائشہ منزل کے ایک ہوٹل میں بیٹھ کر تیار کیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گلشن اقبال میں پیٹرول پمپ ڈکیتی ناکام، ایک ملزم گرفتار، ساتھی فرار
