پیٹرولیم مصنوعات کے مؤثر استعمال اور ایندھن کی طلب میں کمی کے لیے حکومت نے دفاتر اور تعلیمی اداروں کے ورکنگ دن کم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور کھپت کے جائزے کے لیے قائم ہائی پاورڈ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ دفاتر، تعلیمی اداروں اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے لیے ورکنگ دن کم کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے تاکہ ایندھن کے استعمال کو کم کیا جا سکے۔
منصوبے کے تحت تعلیمی اداروں میں آن لائن یا ورچوئل نظام تعلیم متعارف کرانے جبکہ دفاتر میں ورک فرام ہوم کی سہولت دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق ان اقدامات سے ایندھن کے ذخائر کا مؤثر استعمال ممکن ہوگا اور مجموعی طلب میں کمی آئے گی۔
اجلاس میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل ہفتہ وار بنیادوں پر کیا جائے۔ اس کے علاوہ ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ روکنے کے لیے سخت کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ان تجاویز پر حتمی فیصلے وزیراعظم شہباز شریف آج کریں گے۔
دفاتر اور تعلیمی اداروں کے ورکنگ دن کم کرنے کی تجویز، ورک فرام ہوم اور آن لائن تعلیم کا منصوبہ
