امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں ایران کے دارالحکومت تہران میں 500 سے زائد افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ایرانی ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے مطابق صرف تہران میں اب تک 503 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 28 فروری سے جاری حملوں کے دوران تقریباً 5 ہزار 700 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کا آج 17 واں روز ہے۔ مختلف علاقوں میں ہونے والے حملوں کے باعث ایران میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 1,444 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 18 ہزار 551 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسی دوران لبنان میں بھی کشیدگی کے باعث شہادتوں کی تعداد 850 تک پہنچ گئی ہے جن میں 100 سے زائد بچے شامل ہیں۔
ادھر اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران کے مہر آباد ہوائی اڈے پر فضائی حملے کے دوران ایک طیارہ تباہ کر دیا گیا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں دھواں اٹھتے دیکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق صوبہ مرکزی کے بعض علاقوں میں ہونے والے حملوں میں مزید جانی نقصان بھی ہوا جبکہ خمین میں ایک اسکول کو نشانہ بنائے جانے سے عمارت اور قریبی گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
ایران پر حملوں میں تہران میں 500 سے زائد افراد شہید، ہزاروں زخمی
