Baaghi TV


حکومت کا گیس کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ، عوام کو ریلیف نہ دینے کا اعلان

‎اسلام آباد: حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران عوام کے لیے گیس کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا، حالانکہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کمپنیوں کے لیے اوسط مقررہ قیمت میں کمی کی منظوری دے دی ہے۔
‎ذرائع کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اوگرا نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے لیے اوسط مقررہ قیمت 1,793 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے کم کر کے 1,705 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کر دی ہے۔
‎رپورٹ کے مطابق ریگولیٹری سطح پر لاگت میں کمی کے باوجود وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مالی سال 2026-27 میں گھریلو اور دیگر صارفین کے لیے گیس کے موجودہ نرخ برقرار رکھے جائیں گے اور قیمتوں میں کسی قسم کی کمی نہیں کی جائے گی۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا بنیادی مقصد دونوں سرکاری گیس کمپنیوں کی مالی پوزیشن کو مستحکم رکھنا، ان کے مالی خسارے کو کم کرنا اور توانائی کے شعبے میں مالی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ موجودہ نرخ برقرار رکھنے سے کمپنیوں کو اپنے مالی معاملات بہتر انداز میں چلانے میں مدد ملے گی۔
‎ذرائع کے مطابق حکومت نے اس فیصلے سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے، کیونکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور قیمتوں سے متعلق پالیسی اقدامات آئی ایم ایف پروگرام کا اہم حصہ ہیں۔
‎گیس نرخ برقرار رکھنے کے فیصلے سے صارفین کو فوری ریلیف نہیں ملے گا، تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام توانائی کے شعبے کی مالی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔

More posts